مولانا فضل الرحمان نے ان خیالات کا اظہار 23 اگست 2026 کو پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا
پشاور: امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی مضبوط دفاعی قوت کے قائل ہیں، تاہم سیاست میں مداخلت کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے حالیہ قانون سازی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے آئین سے متصادم قرار دیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نئے قانون کے ذریعے اختیارات کا ارتکاز ایک فرد کے پاس کر دیا گیا ہے، جبکہ بعض اختیارات جو وفاقی حکومت اور پارلیمنٹ کے پاس ہونے چاہئیں، وہ بھی منتقل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی انتہائی عجلت میں کی گئی اور اس پر مناسب بحث نہیں ہوئی۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر اپوزیشن کے لیے جوائنٹ اپوزیشن کی تجویز دی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ریاستی نظام میں سختی اور نرمی کے درمیان توازن ضروری ہے، طاقت کے زور پر نظام چلانے سے معاشرے میں گھٹن اور بے چینی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے حکمرانوں کو مشاورت اور اعتدال کو اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

