Ultimate magazine theme for WordPress.
Ads side
Ads side

نوکنڈی میں وینڈر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے آر ڈی ایم سی کا مقامی سپلائرز کی استعداد کار میں اضافہ

نوکنڈی میں وینڈر ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے آر ڈی ایم سی کا مقامی سپلائرز کی استعداد کار میں اضافہ

نوکنڈی، ضلع چاغی،19 جولائی 2026: ریکوڈک مائننگ کمپنی(RDMC)نے نوکنڈی میں اپنا پہلا وینڈر کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیا، جو مقامی کاروباروں کی استعداد کار بڑھانے اور بالخصوص ضلع چاغی سمیت بلوچستان کے سپلائرز کی ریکوڈک منصوبے سے وابستہ خریداری کے مواقع میں مؤثر شرکت کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اس تربیتی پروگرام کے ذریعے مقامی وینڈرز کو عملی معلومات اور مہارتیں فراہم کی گئیں تاکہ وہ آر ڈی ایم سی کے خریداری(Procurement)کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھ سکیں، خریداری سے متعلق تقاضوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کر سکیں، اور منصوبے سے وابستہ کاروباری مواقع کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کرنے کے قابل بن سکیں۔

پروگرام کے پہلے مرحلے میں آر ڈی ایم سی کے ترجیحی علاقہ اول(P1)سے تعلق رکھنے والی دس کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ جن میں ہُمئے، مشکی چاہ، دوربن چاہ، نوکچاہ، حمل آپ، کرتاکہ اور کچھاؤ شامل ہیں۔ مقامی سپلائرز کی ترقی کے اپنے مسلسل عزم کے تحت آر ڈی ایم سی اگلے مرحلے میں اس پروگرام کا دائرہ ترجیحی علاقہ دوم(P2)تک وسعت دے گی، جس میں تفتان، سیندک، نوکنڈی، یک مچ، دالبندین اور چاغی ٹاؤن شامل ہیں، تاکہ مزید مقامی تاجروں کو منصوبے سے متعلق خریداری کے مواقع میں مؤثر شرکت کے لیے درکار صلاحیتیں فراہم کی جا سکیں۔

چار روزہ تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو آر ڈی ایم سی کی خریداری پالیسیوں اور طریقہ کار، ARIBA Networkکے ذریعے سپلائر رجسٹریشن اور سورسنگ، درخواست برائے قیمت (RFQ)، بولی (Bid) کی تیاری، تکنیکی تصریحات، بلز آف کوانٹٹیز (BOQs)، لاجسٹک تقاضوں، ٹیکسیشن، انوائسنگ اور ادائیگی کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ بولیوں کے جائزے کے دوران ہونے والی خامیوں اور ان سے بچنے کے مؤثر طریقوں سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔

اس پروگرام کے ذریعے شرکاء کو آر ڈی ایم سی کی پروکیورمنٹ ٹیم کے ساتھ براہِ راست تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کیاگیا، جہاں انہوں نے سوالات کیے اور ریکوڈک منصوبے کو سامان و خدمات کی فراہمی کے لیے درکار معیارات اور تقاضوں کو بہتر انداز میں سمجھا۔

اس پروگرام کا مقصد مقامی کاروباروں کو ضروری معلومات اور مہارتوں سے آراستہ کرکے ایک مضبوط، باصلاحیت اور مسابقتی مقامی سپلائر بیس تشکیل دینا تھا، تاکہ وہ مکمل اور تقاضوں کے مطابق بولیاں تیار کر سکیں، الیکٹرانک سورسنگ میں مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں اور آر ڈی ایم سی کے آپریشنل معیارات پر پورا اتر سکیں۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر ڈی ایم سی کے منیجر سپلائی چین، جوآن اینسلن نے کہا: “آر ڈی ایم سی ایک باصلاحیت، مسابقتی اور پائیدار مقامی سپلائر بیس کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے۔ مقامی کاروبار کی ترقی ریکوڈک منصوبے کی طویل المدتی کامیابی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ بلوچستان، بالخصوص ضلع چاغی کے سپلائرز کو ہمارے خریداری کے طریقہ کار سے آگاہ کرکے، مطلوبہ معیارات پر پورا اترنے اور منصوبے سے متعلق مواقع کے لیے کامیابی سے مقابلہ کرنے کے قابل بنا کر ہم نہ صرف اپنی مقامی سپلائی چین کو مضبوط بنا رہے ہیں بلکہ خطے کے لیے دیرپا معاشی مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں۔”

پروگرام کی کامیاب تکمیل پر تمام شریک وینڈرز میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر انووکس سلوشن کمپنی (INNOVIX Solution Company) نوکچاہ کے نمائندے مرتضیٰ بلوچ نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ”اس تربیت نے ہمیں آر ڈی ایم سی کے خریداری کے تقاضوں اور بولی کے طریقہ کار کے بارے میں کئی زیادہ واضح آگاہی فراہم کی ہے۔ عملی تربیتی نشستیں انتہائی مفید رہیں جس سے مستقبل میں دستیاب مواقع میں اعتماد کے ساتھ شرکت کرنے کی ہماری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔”

ڈپٹی کمشنر چاغی، جہانزیب نور شاہوانی نے بھی اسسٹنٹ کمشنر تفتان عبداللہ کشانی ودیگر کے ہمراہ تربیتی سیشن کا دورہ کیا، جہاں انہیں پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مقامی وینڈرز کی استعداد کار بڑھانے کے لیے آر ڈی ایم سی کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

وینڈر کیپیسٹی بلڈنگ پروگرام آر ڈی ایم سی کی مقامی کاروبار کی ترقی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد مقامی کاروباری افراد کے استعداد کار میں اضافہ، منصوبے کی سپلائی چین میں ان کی مؤثر شمولیت کو فروغ دینا، اور ریکوڈک منصوبے کی ترقی اور آپریشنل مدت کے دوران ضلع چاغی اور بلوچستان کے مقامی تاجروں اورکاروباری افرادکے لیے پائیدار معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.