پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اسکواڈکا اعلان کر دیا ۔ دونوں فارمیٹس کے لیے 15،15 کھلاڑیوں پر مشتمل الگ الگ اسکواڈتشکیل دئیے گئے ہیں، جبکہ تین ون ڈے میچز بھی آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔
پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی، تاہم ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد وہ انگلینڈ میں دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے روانہ ہو جائیں گی، جس کے باعث ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت منیبہ علی کریں گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی ٹیم کے مقابلے میں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں آٹھ تبدیلیاں کی ہیں۔ نئے شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں ایمان نصیر، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، شوال ذوالفقار، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
اسکواڈ میں شامل ایمان نصیر، ماہم انیس اور مومنہ ریاست کو اب تک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کا موقع نہیں ملا، جبکہ ماہم انیس اور سائرہ جبین اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کا بھی آغاز کریں گی۔پاکستان کا ون ڈے اسکواڈ کپتان فاطمہ ثنا، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، سائرہ جبین، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان منیبہ علی، عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبی حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔پاکستان ویمن ٹیم سری لنکا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ون ڈے میچز 23، 25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہوں گے۔

