



پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے مستقبل کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا۔
41 سالہ رونالڈو نے کہا ہے کہ رواں سیزن بطور فٹبالر ان کا ممکنہ طور پر آخری سیزن ہوسکتا ہے، جس کے بعد وہ اپنے شاندار فٹبال کیریئر کو خیرباد کہہ سکتے ہیں۔
شادی کے بعد ایک انٹرویو میں رونالڈو نے کہا کہ وہ فٹبال سے رخصت ہونے کے بعد اپنی زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مستقبل کی منصوبہ بندی کرچکے ہیں اور فٹبال کے بعد خود کو مصروف رکھنے کے لیے ان کے پاس بہت سی سرگرمیاں موجود ہیں۔
رونالڈو نے کہا کہ وہ مستقبل میں زیادہ وقت تفریح، سفر اور پیڈل کھیلنے سمیت اپنی کامیابیوں سے لطف اندوز ہونے میں گزارنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق فٹبال کا سفر تقریباً 25 سال کی قربانیوں پر مشتمل رہا ہے۔
پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے رونالڈو نے انگلینڈ، اسپین، اٹلی اور سعودی عرب میں لیگ ٹائٹلز اپنے نام کیے ہیں۔ وہ مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔
پرتگال کے کپتان گزشتہ تقریباً چار سال سے سعودی پرو لیگ کی ٹیم النصر سے وابستہ ہیں اور ان کے موجودہ معاہدے میں ابھی ایک سال باقی ہے۔ ورلڈکپ کے حوالے سے رونالڈو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے خاندان سے مشاورت کے بعد اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔