کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان کو غیر ضروری اہمیت دینے کی ضرورت نہیں۔
کراچی میں مائننگ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کا طریقہ کار آئین پاکستان میں واضح طور پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ موجودہ نظام کو ناکام قرار دیتے ہیں، انہیں تھر کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ وہاں ہونے والی ترقی اور تبدیلی کو خود دیکھ سکیں۔
اس سے قبل مائننگ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی پہلی اور ایک اہم سنگ میل کانفرنس ہے، جس میں معدنیات کی صنعت، تعلیمی اداروں اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ماہرین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد عالمی سطح کے کامیاب تجربات سے استفادہ کرنا، جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دینا اور پاکستان کے معدنی وسائل کے شعبے میں جدت اور پائیدار ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

