قلعہ عبداللہ: مسلح افراد کا گاؤں پر حملہ، 2 افراد جاں بحق، ایک اغوا، علاقہ مکینوں کا لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج
قلعہ عبداللہ کے پہاڑی علاقے تنگ مسے زئی میں مسلح افراد کے گاؤں پر حملے کے نتیجے میں دو مقامی افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص کو اغوا کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کی اطلاع ہے۔
اطلاع ملنے پر ڈی پی او خلیل احمد بگٹی کی سربراہی میں پولیس فورس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران مسلح افراد پنجپائی کی جانب فرار ہوگئے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران مبینہ مسلح افراد کے ٹھکانے کو نذرآتش کرنے کے علاوہ ایک گاڑی اور دیگر اہم شواہد قبضے میں لے لیے۔
واقعے کے خلاف مئی زئی آڈہ کے مقام پر علاقہ مکینوں نے لاشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا اور مغوی کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین اور ضلعی انتظامیہ و پولیس حکام کے درمیان مذاکرات تاحال کامیاب نہیں ہوسکے۔
سڑک کی گزشتہ 24 گھنٹوں سے بندش کے باعث سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس سے مسافروں، خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مغوی کی بازیابی اور روڈ کھلوانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

