انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستان کا شاندار کارنامہ، ایک طلائی اور 2 چاندی کے تمغے جیت لیے
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستان کا شاندار مظاہرہ، ایک طلائی اور 2 چاندی کے تمغے اپنے نام کرلیے
اسلام آباد: جدہ میں 2 سے 8 اگست تک منعقد ہونے والے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں پاکستانی ٹیم نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک طلائی اور 2 چاندی کے تمغے جیت لیے۔
مقابلے میں 19 ممالک سے تعلق رکھنے والے 120 طلبہ اور ماہرین نے شرکت کی، جن میں چین، جاپان، روس، ترکیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور سعودی عرب کے نمائندگان بھی شامل تھے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی ٹیم کی جانب سے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے محمد علی نے طلائی تمغہ حاصل کیا، جبکہ ایف جی سر سید کالج راولپنڈی کے محمد عثمان نے چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا۔
نکسر کالج کراچی کی طالبہ سیرت فاطمہ بھٹی نے بھی چاندی کا تمغہ حاصل کرکے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اعلامیے کے مطابق انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کا چوتھا ایڈیشن 2027 میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔

