بلدیاتی نمائندوں کا ترقیاتی و نان سیلری فنڈز فوری جاری کرنے کا مطالبہ
بلوچستان بھر کے میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا ترقیاتی اور نان سیلری فنڈز کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ
کوئٹہ: بلوچستان بھر کے میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے ترقیاتی اور نان سیلری فنڈز کی عدم فراہمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فنڈز فوری جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بلدیاتی نمائندوں نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس حافظ قاسم سے ملاقات کے دوران مؤقف اختیار کیا کہ فنڈز کی بندش کے باعث ترقیاتی منصوبے، صفائی و ستھرائی، عوامی خدمات، روزمرہ انتظامی امور، ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں، فیول اور دیگر ضروری اخراجات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ عوامی مفاد کے پیش نظر ترقیاتی اور نان سیلری فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کر سکیں۔
ملاقات کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ نے بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات کی روشنی میں سیکرٹری فنانس بلوچستان کو فنڈز کی فوری ریلیز کے لیے باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا۔
دوسری جانب بلدیاتی نمائندوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی کوشش کی، جس پر انہیں 6 اگست کو ملاقات کا وقت دیا گیا ہے۔ اس ملاقات میں ترقیاتی و نان سیلری فنڈز، ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں، فیول اور بلدیاتی اداروں کو درپیش مالی و انتظامی مسائل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

