پاناما لیکس میں نواز شریف کیخلاف فیصلہ کسی اور وجہ سے دیا گیا، سراج الحق
الجزیرہ ویب ڈیسک
اسلام آباد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ پاناما لیکس میں نام شامل ہونے پر نہیں کسی اور وجہ سے دیا ہے۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مولانا ہدایت الرحمن کی ضمانت پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی دہلیز پر ہمیں انصاف ملا ہے، گوادر ملکی معاشی ترقی کے لیے اہم حب ہے، پاکستان کی ترقی و استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں محمود و ایاز ایک ہی صف میں ہوں، پاناما کیس میں ہماری درخواست کسی ایک فرد کے خلاف نہیں تھی، پاناما لیکس میں 436افراد شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ پنڈورا لیکس پر بھی سپریم کورٹ نے کوئی ایکشن نہیں لیا، توشہ خانہ کیس میں بھی بڑے نام سامنے آئے، نیب، ایف آئی اے اور عدالتیں ان کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کے خلاف فیصلہ پاناما لیکس میں نام شامل ہونے پر نہیں کسی اور وجہ سے دیا ہے۔