وزیراعظم شہباز شریف کا نوجوانوں کے لیے اہم اعلانات، 7 لاکھ طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کا دعویٰ
وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 7 لاکھ قابل طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے ہیں۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے پہلی ایمپلائمنٹ پالیسی متعارف کرانے اور ہر سال اسٹارٹ اپس کے لیے 10 فیصد کوٹا مختص کرنے کا اعلان بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام پر نوجوانوں کو رشوت دینے کے الزامات عائد کیے جاتے تھے، تاہم حکومت کے لیے لیپ ٹاپ محض ایک مشین نہیں بلکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کا مشن ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر نوجوانوں کو جدید تعلیم کے سفر میں شامل نہ کیا گیا تو ملک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائے گا، جبکہ نوجوانوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔
وزیراعظم نے دانش اسکولوں کا دائرہ دیگر صوبوں تک بڑھانے اور آئندہ سال اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کے قیام کا اعلان بھی کیا۔

