اداکارہ نے اپنی طلاق سے حاصل ہونے والے تجربات اور شادی کے فیصلے پر پہلی بار تفصیل سے اظہارِ خیال کیا ہے۔
میرا سیٹھی نے نومبر 2019ء میں کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور 2023ء میں طلاق پر ختم ہو گئی تاہم انہوں نے گزشتہ برس عوامی سطح پر اپنی طلاق کی تصدیق کی۔
میرا سیٹھی نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی طلاق سے حاصل ہونے والے اسباق اور شادی کے فیصلے پر کھل کر گفتگو کی۔
اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ طلاق سے میں نے سب سے پہلے یہ سیکھا کہ ہمیشہ اپنی گَٹ فیلنگ (Gut Feeling) پر انحصار نہ کریں اور کسی بھی شخص کے لیے اپنی شخصیت تبدیل نہ کریں، چاہے وہ آپ کا شوہر ہو، دوست ہو، باس ہو یا کوئی اور ہو۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگ اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ آپ ان کے مطابق خود کو بدل لیں لیکن یہ اچھی بات نہیں، یہی دو سب سے بڑے سبق ہیں جو میں نے سیکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی زندگی کے اس تجربے سے بہت کچھ سیکھا، بہت ترقی کی اور پہلے سے زیادہ بالغ نظر ہو گئی ہوں، اب میں اس بارے میں کھل کر بات کر سکتی ہوں کیونکہ میری طلاق کو کئی سال گزر چکے ہیں اور میں اس مرحلے سے آگے بڑھ چکی ہوں۔
میرا سیٹھی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں اکثر خواتین کو طلاق یا خلع پر تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لوگ کہتے ہیں کہ لڑکی ایڈجسٹ نہیں کر سکی، مجھ پر شادی کرنے کا کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا، میں نے معاشرے کی طے کردہ عمر کے مقابلے میں نسبتاً بڑی عمر میں شادی کی، یہ مکمل طور پر میرا ذاتی فیصلہ تھا جو محبت اور آئیڈیلزم کی بنیاد پر کیا گیا تھا، اس فیصلے کی ذمے دار میں خود ہوں، میں کسی اور کو اس کا قصور وار نہیں ٹھہراتی۔

