



حب: ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان مندوخیل کی زیرِ صدارت کے-الیکٹرک، میونسپل کمیٹی حب کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے ساتھ اہم اجلاس ہوا، جس میں ضلع حب میں طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے پیدا ہونے والی عوامی مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں پر پڑنے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مسلسل لوڈشیڈنگ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کے-الیکٹرک انتظامیہ پر زور دیا کہ کم ریکوری والے علاقوں میں بھی عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور پورے علاقوں کی بجلی بند کرنے کے بجائے صرف نادہندگان کے انفرادی کنکشن منقطع کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے 24 گھنٹے مسلسل لوڈشیڈنگ کی پالیسی پر نظرِثانی کرتے ہوئے “آن اینڈ آف” لوڈشیڈنگ اختیار کرنے کی تجویز دی تاکہ شہریوں کو بنیادی سطح پر بجلی کی فراہمی جاری رکھی جاسکے۔ کے-الیکٹرک انتظامیہ نے تجویز پر غور اور متعلقہ حکام تک سفارشات پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس میں نئے بجلی کنکشنز کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے پر بھی غور کیا گیا، جبکہ غیر قانونی کنکشنز اور بجلی چوری کے خلاف خصوصی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرانے اور کارروائی کے دوران پولیس کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
اجلاس میں کم ریکوری والے علاقوں کے منتخب نمائندوں اور کونسلرز کو بجلی کے بلوں اور واجبات کی بروقت ادائیگی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کی ہدایت کی گئی۔ شرکاء نے عوامی مشکلات کے خاتمے، بجلی چوری کی روک تھام اور بجلی کی فراہمی میں بہتری کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔