پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافی وصولی کا انکشاف، پیٹرول 139 اور ڈیزل 116 روپے فی لیٹر مہنگا فروخت
دستاویزات کے مطابق ایک لیٹر پیٹرول کی بنیادی لاگت 197 روپے 69 پیسے ہے، جبکہ اس کی موجودہ قیمت 327 روپے 62 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ یوں صارفین کو فی لیٹر پیٹرول پر تقریباً 130 روپے 23 پیسے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے پیٹرولیم لیوی، 5 روپے کلائمٹ سپورٹ لیوی، 21 روپے 24 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 7 روپے 48 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہیں۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی بنیادی لاگت 264 روپے 76 پیسے فی لیٹر ہے، جبکہ اس کی مقررہ قیمت 380 روپے 86 پیسے ہے۔ دستاویزات کے مطابق ڈیزل پر مجموعی طور پر تقریباً 116 روپے لیوی، ٹیکسز اور مختلف مارجنز کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر 74 روپے 28 پیسے پیٹرولیم لیوی اور 5 روپے کلائمٹ سپورٹ لیوی عائد ہے، جبکہ اس کے علاوہ 15 روپے 68 پیسے کسٹمز ڈیوٹی، 4 روپے 63 پیسے ان لینڈ فریٹ ایکولائزیشن مارجن، 7 روپے 87 پیسے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا مارجن اور 8 روپے 64 پیسے ڈیلرز مارجن شامل ہے۔

