Ultimate magazine theme for WordPress.

محکمہ ایکسائز کاغیررجسٹرڈ،ٹوکن ٹیکس نا دہندہ گاڑیوں کے خلاف آپریشن جاری

0

محکمہ ایکسائز کاغیررجسٹرڈ،ٹوکن ٹیکس نا دہندہ گاڑیوں کے خلاف آپریشن جاری
ٹوکن ٹیکس نا دہند نگان سے ایک کروڑ 67لاکھ 80ہزار517روپے وصول کر لیے گئے
لاہور (این این آئی)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب (ریجن سی، لاہور) اور ٹریفک پولیس کے تعاون سے روزانہ کی بنیاد جاری جعلی نمبر پلیٹس اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے آٹھویں روز لاہور سمیت مختلف مقامات پر 35 سے زائد ناکہ بندیوں کے دوران 11,546 گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی جن میں سے 427 گاڑیاں غیر رجسٹرڈ گاڑیاں پائی گئیں۔ 1,170 گاڑیاں ٹوکن ٹیکس کی نا دہندہ نکلیں جبکہ 497 گاڑیوں کی نمبر پلیٹس غیر قانونی تھیں۔ ٹوکن ٹیکس نادہندگان پر مجموعی طور پر ایک کروڑ 65 لاکھ 99 ہزار 475 روپے واجب الادا تھے جبکہ موقع پر کاروائی کے دوران ٹوکن ٹیکس کی مد میں ایک کروڑ 67 لاکھ 80 ہزار 517 روپے وصول کیے گئے اور غیر قانونی نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں کی نمبر پلیٹس تلف کی گئیں۔محکمہ ایکسائز کی جانب سے یہ کارروائیاں یکم جنوری سے صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں جن میں جعلی نمبر پلیٹس، غیر نمونہ نمبر پلیٹس، اوپن ٹرانسفر لیٹر، اور غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے۔فیلڈ آپریشن کے تحت سات ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو اپنے مقررہ پوائنٹس پر موجود رہ کر چیکنگ کا عمل سرانجام دے رہی ہیں۔ ہر ٹیم میں ایک سینئر آفیسر اور عملہ شامل ہے، جو مختلف مقامات پر تعینات ہیں جن میں۔ سگیاں بائی پاس، کینال روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ، گلبرگ، والٹن روڈ، شیخوپورہ روڈ، اور قرطبہ چوک شامل ہیں۔ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، عمر شیر چٹھہ کے مطابق اس فیلڈ آپریشن کا مقصد موٹر وہیکل مالکان کو ان کی قانونی ذمہ داریوں کا احساس دلانا ہے۔ ٹیکسز کی بروقت ادائیگی ہر شہری کا قومی فریضہ ہے۔ ٹیکسز شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وسائل کا ذریعہ ہیں۔ ٹوکن ٹیکس کی وصولی روڈ انفراسٹرکچر کے لیے وسائل کی فراہمی کا سبب بنتی ہے جبکہ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں اور جعلی نمبر پلیٹس امن عامہ کے لیے قانون کی عملداری کو متاثر کرتی ہیں۔ اسی لیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے عوام سے بار بار یہ اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو رجسٹرڈ کروائیں۔ اپنا ٹوکن ٹیکس بروقت ادا کریں اور کسی جرم کے تحفظ کا ذریعہ نا بنیں۔

آپ یہ بھی پسند کریں

اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.