



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران سے رابطے اور سفارتی کوششیں جاری ہیں، انہیں امید ہے کہ جنگ جلد اپنے اختتام کو پہنچے گی اور آبنائے ہرمز بھی دوبارہ مکمل طور پر کھل جائے گی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے عالمی اور امریکی توانائی کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ایران کے خلاف جاری جنگ زیادہ دیر نہیں چل سکے گی۔ انہوں نے کہا، “مجھے نہیں لگتا کہ ایران طویل عرصے تک یہ جنگ جاری رکھ سکے گا، صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی اور آبنائے ہرمز بھی کھل جائے گی۔”
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے کام سے انتہائی مطمئن ہیں۔
انہوں نے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کو اس مقصد کے تحت بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے اور صورتحال ان کے بقول “بہت اچھی” سمت میں جا رہی ہے۔
دوسری جانب ایران اور عمان کے درمیان سفارتی رابطے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں ممالک آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے ایک قابلِ قبول معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
تاہم ایرانی حکام متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے امریکا کے ساتھ اس وقت کوئی براہِ راست مذاکرات نہیں ہو رہے۔