عدالت نے آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا
الجزیرہ ویب ڈیسک
کراچی عدالت نے آن لائن سسٹم پر حاضری نہ لگانے والے اساتذہ کی تنخواہیں روکنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائیکورٹ میں صوبے میں تعلیمی اصلاحات اور آن لائن حاضری سسٹم سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔عدالت نے سیکرٹری آئی ٹی کو حاضری سسٹم اپڈیٹ کرنے،اساتذہ کی آن لائن ایپ پر حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔سیکرٹری تعلیم سندھ اکبر لغاری نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر اساتذہ کے پاس اینڈرائیڈ موبائل فون نہیں تو کچھ ایپ کا بہانہ بنا رہے ہیں تاہم کوششوں کے بعد اب اساتذہ کی حاضری77فیصد ہوگئی ہے۔
چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایپ چلانا نہیں آتی، سگنل نہیں آتے، موبائل نہیں، یہ سارے بہانے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے کوئی وائس میسج کرتا ہے تو وہ سن لیتے ہیں، گھنٹوں گھنٹوں فون پر بات کرلیتے ہیں تب سگنل آرہے ہوتے ہیں۔
عدالت نے کہا کہ اساتذہ ٹک ٹاک کے بھی مزے لے رہے ہیں،آن لائن سسٹم پر حاضری کے لئے ان کے پاس انٹرنیٹ نہیں، یہ سارے بہانے ہیں جو حاضری نہیں لگا رہا ان سب کی تنخواہیں بند کریں۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہیں بند ہوں گی تو اساتذہ اس فون سے بھی حاضری لگائیں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری آئی ٹی کو حاضری سسٹم کو مزید اپ ڈیٹ، سیکرٹری تعلیم پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔