بلوچستان میں 712 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز 6 ماہ سے اسٹائپنڈ سے محروم، 600 سے زائد ہاؤس آفیسرز کے واجبات بھی ادا نہ ہوسکے، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن
کوئٹہ: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حئی بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں ڈاکٹرز کمیونٹی کو سنگین مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث ڈاکٹرز کے ساتھ ساتھ عوام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت بلوچستان، وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے ڈاکٹرز کے جائز مطالبات فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر حئی بلوچ نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ سے 712 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز اپنے اسٹائپنڈ سے محروم ہیں، حالانکہ وہ سرکاری ہسپتالوں میں دن رات خدمات انجام دے رہے ہیں اور مریضوں کے علاج معالجے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کو دیگر صوبوں کے مقابلے میں پہلے ہی کم مراعات حاصل ہیں، اس کے باوجود وہ اپنی ذمہ داریاں پوری لگن سے ادا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر حئی بلوچ کا کہنا تھا کہ 600 سے زائد ہاؤس آفیسرز بھی اپنے واجبات کے حصول کے لیے طویل عرصے سے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے مسائل حل نہ ہونے پر متاثرہ ہاؤس آفیسرز نے عدالت سے رجوع کیا، جہاں ان کے حق میں فیصلہ آنے کے باوجود عدالتی احکامات پر عمل درآمد اور واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کی جا رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے موقع پر جنرل سیکرٹری ڈاکٹر علی جان کاکڑ، ترجمان ڈاکٹر ثناء اللہ بلوچ، ڈاکٹر عبداللہ ترین اور دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔

