پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے وفاق کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کو ہزاروں نوکریاں فراہم کرنے کے اعلانات کو طفل تسلی قرار دیتے ہوئے انٹرویوز کے نام پر پڑھے لکھے نوجوانوں کی تذلیل اور پولیس کے ذریعے ان پر تشدد کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پہلے ہی بے روزگاری، معاشی مشکلات اور محدود مواقع کے باعث شدید پریشانی کا شکار ہیں، ایسے میں روزگار کی امید لے کر آنے والے نوجوانوں کو انٹرویوز کے نام پر ذلیل کرنا اور پولیس کے ذریعے تشدد کا نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک، غیر انسانی اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ نوجوان کسی رعایت یا احسان کے طلبگار نہیں بلکہ اپنے حق، قابلیت اور تعلیم کی بنیاد پر روزگار کے مواقع چاہتے ہیں۔ سید صادق آغا نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ہزاروں نوکریاں دینے کے اعلانات اگر عملی اقدامات میں تبدیل نہیں ہوتے تو ایسے دعوے عوام کے لیے محض طفل تسلی کے سوا کچھ نہیں۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع یقینی بنائے، بھرتیوں کے عمل کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور باعزت بنائے اور نوجوانوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کا فوری نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام شہریوں، خصوصاً نوجوانوں کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے، نہ کہ روزگار کے حصول کے لیے آنے والے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو تشدد اور تذلیل کا نشانہ بنانا۔ ایسے واقعات نوجوانوں میں مایوسی، محرومی اور بے اعتمادی کو مزید بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں پر تشدد کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور بلوچستان کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ان کے حق کے مطابق روزگار اور عزت و احترام فراہم کیا جائے


