پارلیمنٹ آزاد نہیں تو عدلیہ کیسے آزاد ہوگی؟ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے بڑی جماعتیں متحد ہوں، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ
کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ دنیا میں ریاستی اداروں کی بڑی اہمیت ہوتی ہے، قائداعظم نے پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنایا تھا، تاہم آج ملک ایک سیکیورٹی ریاست بن چکا ہے۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں چار مارشل لا اور تین آئین آ چکے ہیں۔ اگر پارلیمنٹ آزاد نہیں ہوگی تو عدلیہ کیسے آزاد ہو سکتی ہے؟ ملک میں سیاسی استحکام کے قیام کے لیے بڑی سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان میں میڈیا کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافی احتجاج کر رہے ہیں اور ہم ان کے احتجاج میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو درپیش مسائل کو سنجیدہ قرار دیا۔
