کوئٹہ، 26 اکتوبر 2026: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ملک و قوم اور پاک فوج کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ ایک ممتاز عسکری شخصیت تھے، جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قائدانہ کردار کے ذریعے پاک فوج میں اہم خدمات انجام دیں۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ کے انتقال سے ملک ایک قابلِ احترام اور تجربہ کار عسکری شخصیت سے محروم ہوگیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔

