سردار عطا اللہ مینگل کی جدوجہد، قربانیاں اور قومی سیاست نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، غلام نبی مری
کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے ممتاز بلوچ قوم پرست، وطن دوست اور عظیم سیاسی رہنما سردار عطا اللہ خان مینگل کی پانچویں برسی کے موقع پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سردار عطا اللہ خان مینگل کی قومی، وطنی اور سیاسی جدوجہد اور قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔اپنے ایک بیان میں غلام نبی مری نے کہا کہ سردار عطا اللہ خان مینگل نے اپنی پوری زندگی بلوچ قوم، بلوچستان اور محکوم و مظلوم اقوام سمیت تمام انسانوں اور پسے ہوئے طبقات کے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد میں گزاری۔ انہوں نے آمرانہ اور استحصالی قوتوں کے خلاف پوری زندگی مزاحمت کی اور اپنے اصولوں پر آخری دم تک ثابت قدم رہے۔انہوں نے کہا کہ سردار عطا اللہ خان مینگل نے اپنے اصولوں اور نظریات پر کبھی سرِ تسلیم خم نہیں کیا، جس کی پاداش میں انہیں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں، جلاوطنی اختیار کرنا پڑی اور اپنے لختِ جگر کی قربانی بھی دینی پڑی، تاہم وہ اپنے قومی و سیاسی مؤقف سے دستبردار نہیں ہوئے۔غلام نبی مری نے کہا کہ سردار عطا اللہ خان مینگل جیسے عظیم رہنما صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ بلوچستان اور اس خطے میں قوم پرستانہ سیاست، فکر اور نظریے کے حوالے سے سردار عطا اللہ خان مینگل ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کی سیاسی بصیرت، اصول پسندی، جدوجہد اور قربانیاں تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ سردار عطا اللہ خان مینگل کی قومی جدوجہد اور قربانیوں سے آنے والی نسلیں اور بالخصوص نوجوان رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔ ان کی زندگی اصولی سیاست، استقامت، جمہوری جدوجہد اور محکوم اقوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی روشن مثال ہے۔غلام نبی مری نے کہا کہ سردار عطا اللہ خان مینگل کی پانچویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے افکار، اصولوں اور قومی جدوجہد کو آگے بڑھایا جائے اور بلوچستان کے عوام کے بنیادی، جمہوری، سیاسی، معاشی اور قومی حقوق کے حصول کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھی جائے۔

