مظفرآباد: آئی جی آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کے باعث اربوں روپے سے تعمیر کی گئی سڑکیں متاثر ہوئیں جبکہ سیاحت اور تعلیمی سرگرمیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ احتجاج کے دوران سڑکوں کو کھودنے اور دیگر املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات سامنے آئے، جبکہ درختوں کی کٹائی کے باعث ٹمبر مافیا کو بھی فائدہ پہنچا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض شرپسند عناصر خواتین کو ڈھال کے طور پر استعمال کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکتیں اور بڑی تعداد میں اہلکاروں کے زخمی ہونے کے باوجود فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
لیاقت علی ملک نے کہا کہ جدید اور ممنوعہ ہتھیاروں سے لیس افراد کو پرامن احتجاج کا حصہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ فورسز کی چوکیوں پر دستی بموں سے حملے کرنے والے افراد کسی صورت پرامن مظاہرین نہیں ہو سکتے۔

