خضدار (آن لائن) ڈاکٹروں کی ہڑتال، مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ پرائیویٹ اسپتال آباد سول اسپتال ویران۔ تفصیلات کے مطابق خضدار کے سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث علاج معالجے کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں غریب اور نادار مریض سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ دور دراز علاقوں سے علاج کی امید لے کر آنے والے مریض اور ان کے اہلِ خانہ اسپتال میں طبی سہولیات نہ ملنے پر مایوس واپس لوٹنے یا مہنگے نجی کلینکس کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ وہ ڈاکٹرز جو کہ سرکاری اسپتال میں ہڑتال پرہیں جبکہ نجی اسپتالوں میں چھری ہاتھ میں لی¿ے بیٹھے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتال عوام کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے ہیں، لیکن اگر یہی ادارے بند رہیں تو اس کا سب سے زیادہ نقصان غریب طبقے کو اٹھانا پڑتا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ ان کے مطابق بیمار افراد کو بروقت علاج سے محروم کرنا ایک انتہائی تشویش ناک صورتحال ہے، جس پر فوری توجہ دی جانی چاہیے عوام نے حکومتِ بلوچستان، محکمہ? صحت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈاکٹروں اور متعلقہ حکام کے درمیان مسائل کو جلد از جلد حل کریں تاکہ سرکاری اسپتالوں میں طبی خدمات بلا تعطل بحال ہو سکیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامی تنازعات یا احتجاج کی سزا مریضوں کو دینا کسی بھی صورت مناسب نہیں، کیونکہ عوام کی جانوں کا تحفظ اور بروقت علاج حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

