کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اسسٹنٹ کمشنر سٹی امیر حمزہ کے ہمراہ شہید بے نظیر ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبوں، طبی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شہزاد واحد نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے مسائل، ضروریات، او پی ڈی، ایمرجنسی سروسز، ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی دستیابی سمیت ایل ایم او سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔
ہسپتال کے مختلف وارڈز، یونٹس اور او پی ڈیز کا معائنہ کیا اور ڈاکٹروں و طبی عملے سے ملاقات کرکے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی بات چیت کی اور علاج معالجے کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور شکایات دریافت کیں۔
اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کے ویکسینیشن یونٹ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔

