بلوچستان میں بچوں کے خلاف بڑھتے واقعات تشویشناک، سبزل روڈ پر بچے کی بوری بند لاش کا واقعہ لمحۂ فکریہ
چائلڈ رائٹس موومنٹ بلوچستان نے صوبے میں بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات صورتحال کی سنگینی کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔
تنظیم کے مطابق کوئٹہ کے سبزل روڈ پر بچے کی بوری بند لاش ملنے کا افسوسناک واقعہ بچوں کے تحفظ اور سلامتی کے حوالے سے کئی سنجیدہ سوالات اٹھاتا ہے۔
چائلڈ رائٹس موومنٹ بلوچستان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور صوبے میں بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ بچوں کا تحفظ محض بیانات اور اعلانات تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ان کی جان، سلامتی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

