بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے ،عالمی برادری مودی سرکار کو عسکریت پسندانہ ایجنڈے سے باز رکھے ، ٹویٹ
اسلام آباد
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی صحافی کے انکشاف نے مودی سرکاراوربھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑکوعیاں کیا۔بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے ، عالمی برادری فاشسٹ مودی سرکار کو عسکریت پسندانہ رویے سے باز رکھے۔ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میں نے 2019 میں اقوام متحدہ میں تقریر کے دوران بھارتی سفاکی کو عیاں کیا، دنیا کو بتایا کہ کیسے فاشسٹ مودی حکومت نے بالاکوٹ واقعے کو انتخابی نتائج کے حصول کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی صحافی کے واٹس ایپ چیٹ سے لیک ہونے والے حالیہ انکشافات نے مودی سرکاری اور بھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا ہے، مودی نے انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا جو پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کر سکتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ واقعے پر پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کو بڑے بحران سے بچایا لیکن مودی حکومت نے بھارت کوشدت پسند ریاست بنانے کا کام جاری رکھا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا
عالمی برادری بھارت کے ناپاک ارادوں سے روکنے کے لیے اقدامات کرے۔پاکستانی ذمہ داری کے باوجود مودی سرکار بھارت کو خطرناک ریاست بنانے پر تلی ہوئی ہے، مودی بھارت کو ایسا ملک بنا رہا ہے جو دوسرے ممالک کے لیے خطرناک ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت کی پاکستان کے خلاف 15 سال کی عالمی ڈس انفارمیشن مہم بینقاب ہوئی، بھارت کے اپنے میڈیا نے گھناؤنے گٹھ جوڑ کا انکشاف کیا ہے ۔