بھارتی ریاست اوڈیشہ کے ساحل کے قریب پاناما کے پرچم بردار کارگو جہاز ’ایم وی اوشین ونر‘ کے ڈوبنے کے بعد عملے کے 2 ارکان کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا، جبکہ 22 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
حکام کے مطابق جہاز پر عملے کے 24 ارکان سوار تھے، جن میں 20 چینی، 3 میانماری اور ایک بنگلادیشی شہری شامل تھا۔
میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر کو ہفتے کے روز جہاز کی جانب سے ہنگامی مدد کا سگنل موصول ہوا، جس کے کچھ دیر بعد جہاز سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائی شروع کردی گئی۔
بھارتی کوسٹ گارڈ کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران لائف رافٹ سے عملے کے 2 چینی ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ باقی 22 افراد کی تلاش جاری ہے۔ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے 3 بحری جہاز بھی آپریشن میں شامل کیے گئے ہیں۔

