“ایران سے مذاکرات جاری، معاہدہ نہ ہوا تو سنگین نتائج ہوں گے: ٹرمپ”
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر ایران معاہدے پر آمادہ نہ ہوا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم انہیں اب بھی مذاکرات میں پیش رفت کی امید ہے۔
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اس وقت ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور یہ بات چیت ایران کی درخواست پر ہو رہی ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بالخصوص قطر ان مذاکرات کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ کئی دیگر ممالک نے بھی اس سلسلے میں رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہو سکا تو یہ اس کے لیے ایک اچھے معاہدے پر دستخط کرنے کا آخری موقع ہوگا۔ ان کے بقول وہ ایران کو کسی بھی تباہ کن کارروائی سے قبل ہر ممکن آخری موقع دینا چاہتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ تہران دانشمندانہ فیصلہ کرے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر ایران معاہدے پر آمادہ نہ ہوا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تاہم انہیں اب بھی مذاکرات میں پیش رفت کی امید ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور بیان میں کہا کہ امریکہ ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

