وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت سانحہ مچھ اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال سے متعلق اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور حافظ عبدالباسط, کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ سید زاہد شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئی جی ایف سی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے وزیراعلی کو مچھ میں پیش آنے والے واقعے اور بعد کی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور سانحہ مچھ کی بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبہ میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس کے شرکاء کی جانب سے سانحہ مچھ میں معصوم کان کنوں کی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ وزیر اعلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مچھ میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی دلخراش اور افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام، حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم رکھتے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ حکومت شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ سانحہ مچھ کے درندوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر لحاظ سے سپورٹ کریں گے