Ultimate magazine theme for WordPress.
Ads side
Ads side

پاکستان اور عمان کے درمیان پارلیمانی، تجارتی اور ثقافتی روابط مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے، پھلین بلوچ

بلوچستان اور عمان کے درمیان گہرے تاریخی، سماجی اور انسانی روابط دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کا اہم حصہ ہیں، چیئرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے اطلاعات و نشریات

 چیئرمین قائمہ کمیٹی قومی اسمبلی برائے اطلاعات و نشریات پھلین بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سلطنتِ عمان کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور ثقافتی تعلقات موجود ہیں، جنہیں مزید مستحکم بنانے کے لیے پارلیمانی روابط، باہمی تعاون، تجارت اور عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔

سلطنتِ عمان کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں پاکستان-عمان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے کنوینر کی حیثیت سے شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمان کے قومی دن کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت و اعزاز ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سلطنتِ عمان کے سفیر فہد بن سلیمان بن خلف الخروصی سے ملاقات کی اور انہیں قومی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے عمان کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پھلین بلوچ نے کہا کہ بلوچستان اور سلطنتِ عمان کے درمیان بالخصوص گہرے تاریخی، انسانی اور سماجی روابط قائم ہیں۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ہزاروں بلوچ خاندان عمان میں آباد ہیں، جو اپنی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کے ذریعے عمانی معاشرے کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمان میں بلوچ خاندانوں کی خدمات اور صلاحیتوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جانا خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان-عمان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے پلیٹ فارم سے دونوں ممالک کے پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور تجارت، ثقافت، باہمی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے سلطنتِ عمان کے قومی دن کے موقع پر عمان کی قیادت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آپ یہ بھی پسند کریں
اپنی رائے دیں

Your email address will not be published.