کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے ان کی رہائش گاہ پر بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (بی ایس او) پجار کے مرکزی چیئرمین بوہیر صالح بلوچ اور صوبائی جنرل سیکرٹری شے مرید رشید بلوچ نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران بی ایس او پجار کے وفد نے کوئٹہ میں رہائش پذیر طلباء و طالبات کو درپیش مختلف مسائل سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وفد نے بالخصوص بروری روڈ سمیت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں طلباء کو درپیش ٹرانسپورٹ کے مسائل، تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کو درپیش مشکلات اور دیگر اہم تعلیمی و انتظامی امور پر گفتگو کی۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء و طالبات کو تعلیمی اداروں تک رسائی کے لیے درپیش مشکلات کے حل اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی بحالی کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں، تاکہ طلباء اپنی تعلیمی سرگرمیاں بلا رکاوٹ جاری رکھ سکیں۔
اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان و رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بی ایس او پجار کے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ طلباء کے مسائل اور مشکلات ان کے لیے اہم ترین معاملات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وہ اعلیٰ حکام اور متعلقہ اداروں سے فوری طور پر رابطہ کرکے ان مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔

