وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر اصلاحات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کے ٹیکس نظام میں جاری اصلاحات اور بہتری کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کاروباری برادری کو قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ انہیں پیداوار بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
ایف بی آر کے کردار کے حوالے سے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کاروباری طبقے کے ساتھ مکمل تعاون کرے اور ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، وزیراعظم نے ایف بی آر کے سینئر افسران کو ہر ماہ کے پہلے ہفتے کراچی کا دورہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ کاروباری برادری سے براہِ راست رابطہ قائم ہو سکے اور ان کے مسائل کو بلاتاخیر حل کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ ٹیکس قوانین کی پابندی کرنے والی کمپنیوں کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کا اعتراف بھی کیا جائے گا۔

