تحصیل دریجی میں ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان کی سربراہی میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی
تحصیل دریجی میں ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان کی سربراہی میں کھلی کچہری، عوامی مسائل کے حل کی یقین دہانی
حب (نامہ نگار) تحصیل دریجی میں ڈپٹی کمشنر حب جمعہ داد خان کی سربراہی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر دریجی، تحصیلدار دریجی، مختلف ضلعی محکموں کے افسران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی، بجلی، سڑکوں، آبپاشی، ریونیو، امن و امان اور دیگر عوامی مسائل سے متعلق اپنی شکایات اور تجاویز پیش کیں ڈپٹی کمشنر حب نے شہریوں کی شکایات اور تجاویز کو تفصیل سے سنا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جمعہ داد خان نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر سرکاری اداروں تک رسائی فراہم کرنا، مسائل کو براہِ راست سننا اور ان کا بروقت ازالہ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور عوامی شکایات کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ موصول ہونے والی درخواستوں پر مقررہ مدت میں کارروائی مکمل کی جائے اور درخواست گزاروں کو پیش رفت سے بھی آگاہ رکھا جائے، تاکہ عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد مزید مضبوط ہوکھلی کچہری میں شریک شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ان کے مسائل براہِ راست سننے کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پیش کیے گئے مسائل کے عملی حل کے لیے جلد مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

