پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ اور کاروباری شخصیت کومل عزیز خان کے والدین کی مالی کفالت سے متعلق بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔
کومل عزیز خان نے مختلف ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، انہوں نے عشقِ بے نام، رازِ الفت، بساطِ دل، کاسۂ دل سمیت کئی مقبول ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے، تاہم وہ گزشتہ کچھ عرصے سے اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کر کے ملبوسات کا کاروبار کر رہی ہیں۔
کومل عزیز خان اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اکثر سوال و جواب سیشنز کا انعقاد کرتی ہیں، حال ہی میں ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنی والدہ کی مالی مدد کرتی ہیں؟
اس سوال کے جواب میں انہوں نے لکھا کہ نہیں، میرا ماننا ہے کہ گھر کے اخراجات برداشت کرنا خواتین کی نہیں بلکہ مردوں کی ذمے داری ہے۔

