کوئٹہ: پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ و رکنِ بلوچستان اسمبلی میر لیاقت لہڑی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون اور برادرانہ تعلقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، اعتماد اور باہمی تعاون خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے تعلقات باہمی احترام، اخوت اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں۔ دفاعی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کا فروغ نہ صرف تینوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے تحفظ میں معاون ثابت ہوگا بلکہ مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کو بھی مزید مضبوط کرے گا۔
میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ مضبوط، دیرپا اور باہمی مفادات پر مبنی تعلقات کا خواہاں رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور تعاون مزید مستحکم ہوگا اور یہ شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنے گی۔

