پارلیمانی سیکرٹری نوابزادہ زرین مگسی نے سانحہ 8 اگست کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 8 اگست 2016 کو سول اسپتال کوئٹہ میں وکلاء پر ہونے والا خودکش حملہ بلوچستان کی تاریخ کا ایک المناک سانحہ ہے، جس کی یاد آج بھی تازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 8 اگست میں بلوچستان نے اپنے درجنوں قیمتی بیٹوں کو کھویا، وکلاء، صحافیوں اور شہریوں کی شہادت نے ہر آنکھ کو اشکبار کر دیا۔ یہ سانحہ کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ نوابزادہ زرین مگسی نے کہا کہ سانحہ 8 اگست کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

